ساحل آن لائن - سچائی کا آیئنہ

Header
collapse
...
Home / ساحلی خبریں / کشمیرفائلزٹیکس فری کی گئی تاکہ نفرت کافروغ ہو۔مسلمانوں،پنڈتوں اورسکھوں پرہوئے ظلم کے لیے کمیشن کی تشکیل کیوں نہیں کرتے:فاروق عبداللہ

کشمیرفائلزٹیکس فری کی گئی تاکہ نفرت کافروغ ہو۔مسلمانوں،پنڈتوں اورسکھوں پرہوئے ظلم کے لیے کمیشن کی تشکیل کیوں نہیں کرتے:فاروق عبداللہ

Tue, 22 Mar 2022 23:37:29    S.O. News Service

جموں22مارچ (ایس او نیوز؍ایجنسی) جموں و کشمیر کے سابق وزیر اعلیٰ فاروق عبداللہ نے الزام لگایا ہے کہ حکومت فلم دی کشمیر فائلز کے ذریعے لوگوں میں ہمارے تئیں نفرت پیدا کرنا چاہتی ہے۔ فاروق عبداللہ نے کہاہے کہ فلم کو ریاستوں میں ٹیکس فری بنایا جا رہا ہے تاکہ زیادہ سے زیادہ لوگ فلم دیکھیں اور ہم سے نفرت کریں۔

انھوں نے یہ بھی کہاہے کہ کشمیری پنڈتوں کی واپسی کے لیے میں ذمے دارنہیں ہوں ۔ اس وقت بی جے پی کی حمایت یافتہ سرکارتھی۔اس کی تحقیقات کرائی جائیں۔اگرمیں مجرم ہواتوپھانسی دے دیں۔فاروق عبداللہ نے الزام لگایا کہ حکومت ایک سوچی سمجھی سازش کے تحت لوگوں کے ذہنوں میں نفرت پیدا کرنا چاہتی ہے۔ ان کا مزید کہنا ہے کہ حکومت چاہتی ہے کہ ہر پولیس والا اور سپاہی یہ فلم دیکھے اور ہم سے نفرت کرے۔بالکل اسی طرح جو ہٹلر اور گوبلنز نے جرمنی میں مل کر کیا تھا۔ چھ ملین یہودیوں کو اس کی قیمت چکانی پڑی۔ نہ جانے ہم میں سے کتنے لوگوں کو ہندوستان میں رہنے کی قیمت چکانی پڑے گی۔فلم دی کشمیر فائلز کو ایک پروپیگنڈہ فلم قرار دیتے ہوئے فاروق عبداللہ نے کہاہے کہ اس میں اس سانحہ کو دکھایا گیا ہے جس نے ریاست کے ہر شہری کو متاثر کیا۔ چاہے وہ ہندوہویامسلمان۔

انہوں نے کہاہے کہ آج بھی جب میں وہ واقعہ یاد کرتا ہوں تو میرا دل خون کے آنسو روتا ہے۔ بی جے پی کا نام لیے بغیر انہوں نے کہاہے کہ کچھ حکومتیں ذات پات کے تنازعہ کا سیاسی فائدہ اٹھانا چاہتی ہیں۔فاروق عبداللہ نے کہا کہ سچائی کو سامنے لانے کے لیے ایک کمیشن بھی بنایا جانا چاہیے جو ریاست میں کشمیری پنڈتوں کے ساتھ ساتھ مسلمانوں اور سکھوں کے خلاف ہونے والے تشدد کی حقیقت کو سامنے لا سکے۔ ان کا مزید کہنا تھا کہ میرے ساتھ ہماری پارٹی کے ایم ایل اے اور کارکنان نے ان لوگوں کی لاشوں کے ٹکڑے درختوں سے اتارے ہیں۔


Share: